ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 48برسوں تک جنگل میں زندگی گزارنے والا شخص فوت ہوگیا

48برسوں تک جنگل میں زندگی گزارنے والا شخص فوت ہوگیا

Sat, 28 Oct 2017 15:38:46    S.O. News Service

سولیا،28؍اکتوبر (ایس او نیوز)سولیا کے مرکنجا گاوں کارہنے والاکینچپّا گوڈا 72سال کی عمر میں فوت گیا۔ اس شخص کے بارے میں خاص بات یہ ہے کہ اس نے اپنی زندگی کے قیمتی 48برس جنگل میں رہ کرگزارے تھے۔

کہا جاتا ہے کہ کینچپّا نے 23سال کی عمر میں اچانک گھر چھوڑکر جانے اور بقیہ زندگی گھنے جنگل میں گزارنے کا فیصلہ کیا۔ جنگل میں رہنے کے لئے اس نے ایک کچّا چھپربنایا اور اطراف میں جنگلی جانوروں سے بچنے کے لئے پتھروں کاحصار سا بنالیا۔ دن میں صرف ایک بار جنگل سے لکڑیاں اور جانوروں کا چارہ لے کر وہ اپنے بھائی کے گھر آتا تھااورایک وقت کا کھانا کھانے کے بعد واپس جنگل چلاجاتاتھا۔ بقیہ اوقات میں جنگلی جڑیں اور پھل کھا کروہ دن گزارتاتھا۔رات کے وقت درخت کے کھوکھلے تنے میں گھس کر سوتا تھا اورجب بھی جنگلی جانوروں سے اس کو خطرہ محسوس ہوتاتو پھر وہ قریب کے درختوں پر چڑھ کر بیٹھ جاتا تھا۔کہا جاتا ہے کہ گزشتہ 48برسوں کے دوران صرف دو مرتبہ اس پر جنگلی جانوروں کا حملہ ہوا جس میں ایک بار ہاتھی نے اسے پاوں سے کچلا تھا۔

سابق ضلع ڈپٹی کمشنر اے بی ابراہیم نے گھنے جنگل سے کینچپّا کو واپس شہری زندگی میں لانے کی کافی کوشش کی تھی۔ اس کے علاوہ تعلقہ ریوینیو افسران نے بھی بارہا اس سے ملاقات کرکے جنگل سے شہر میں لانے کی کوشش کی تھی، مگر وہ کسی کی بات سننے کو تیار نہیں ہوتاتھا۔ الٹے اسے بلانے کے لئے جو بھی جنگل میں جاتا وہ ا ن کی خاطر تواضع شہد اور جنگلی جڑوں اور پھلوں سے کیاکرتا تھا۔مگر ابھی ایک سال پہلے کینچپّابڑھاپے سے متعلقہ بیماریوں کی وجہ سے واپس اپنے بھائی کے گھر واپس آگیا تھا۔اوراب اپنی طبعی موت کا شکار ہوگیا۔


Share: